کابل،4اگست(آئی این ایس انڈیا)افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں طالبان کے ایک حملے میں کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ مقامی اہلکاروں کے مطابق ایک خود کش بمبار نے ایک منی ایکسچینج مارکیٹ کے باہر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے بعد جنگجوؤں اور سکیورٹی اہلکاروں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ ہلمند کی صوبائی کونسل کی ایک رکن رضیہ بلوچ کے بقول جمعے کی صبح ضلع گریشک میں ہونے والی اس کارروائی میں تین سکیورٹی گارڈ اور دو دیگر افراد ہلاک ہوئے۔ بلوچ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ طالبان اس حملے میں ممکنہ طور پر ضلعی گورنر کے دفتر کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔